مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں ہسپتال انتظامیہ کی لاپروائی سامنے آئی ہے جس کی وجہ سے ایک حاملہ خاتون کی جان خطرے میں پڑ سکتی تھی، تاہم ڈی ڈی سی رکن کی مداخلت سے حاملہ خاتون کو بروقت علاج دستیاب ہوا۔
جانکاری کے مطابق ضلع ہسپتال رامبن کے زنانہ وارڈ میں درد زہ میں مبتلا زاہدہ بیگم زوجہ نسیم احمد (ساکنہ پھیلتی) کو داخل کروایا گیا۔ ہسپتال میں تعینات ڈاکٹر نے حاملہ خاتون کو بغیر کسی جواز کے جموں ریفر کر دیا۔
چند کلومیٹر دوری پر سرکاری ایمبولینس جام میں پھنس گئی اور خاتون کے شوہر نے نومنتخب ضلع ترقیاتی کونسلر سے رابطہ کیا۔ انہوں نے چیف میڈیکل افسر رامبن سے رابطہ کرنے کے بعد حاملہ خاتون کو کروال کے مقام سے واپس ضلع ہسپتال رامبن منتقل کروایا جہاں ڈاکٹروں نے آپریشن کر کے زچہ اور بچہ کو بچا لیا۔