جموں (جموں و کشمیر) :جموں صوبہ کے راجوری ضلع میں ولیج ڈیفنس گروپس کے ارکان کی جانب سے ہفتہ کی شام عسکریت پسند کو ہلاک کرنے کے بعد نہ صرف ان کے حوصلہ بلند ہیں بلکہ وہ اپنی قوم و سرزمین کی حفاظت کے لیے انتظامیہ سے جدید اسلحہ فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ رواں برس یکم جنوری کو راجوری ضلع کے ڈنگری علاقے میں ہوئے عسکری حملے کے بعد نہ صرف وی ڈی سیز کو مزید فعال بنایا گیا بلکہ انہیں سیکورٹی فورسز کی جانب سے تربیت بھی فراہم کی گئی۔
راجوری سے تعلق رکھنے والے وی ڈی سی ممبران اس وقت علاقے میں گشت کر رہے ہیں اور کسی بھی مشکوک نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وی ڈی سی ممبران کے مطابق ایک مقامی باشندے نے مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع دی جس کے بعد سبھی وی ڈی سی ممبران جمع ہوئے اور جنگل کی جانب پیش قدمی کی جہاں سے ایک مسلح عسکریت پسند نے ان پر گولیاں برسائیں جس کے جواب میں وی ڈی سی ممبران نے بھی کارروائی کی اور عسکریت پسند کو ہلاک کر دیا۔ انہوں نے کہا عسکری تپسند کو ہلاک کرنے کے بعد وی ڈی سی ارکان کے حوصلے کافی بلند ہیں۔