راجوری (جموں کشمیر) :سرحدی ضلع راجوری کےسب ڈویژن تھنہ منڈی کے راجدھانی علاقے میں گزشتہ روز جنگلی جانوروں نے انسانی بستیوں میں داخل ہوکر مقامی باشندوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو مقامی باشندے شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ مقامی باشندوں نے زخمیوں کو فوری طور پر سرکاری ہسپتال تھنہ منڈی پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی ہوئے دونوں افراد کو بہتر علاج و معالجہ کے لئے گورنمٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق جنگلی جانوروں کے حملہ میں زخمی ہوئے دونوں باشندوں کی حالت نازک ہے۔ ان میں سے ایک شخص کو 82ٹانکے لگے ہیں۔ جبکہ حملہ میں ایک خاتون بھی زخمی ہوئی ہے جسے 75 ٹانکے لگے ہیں اور دونوں اس وقت نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال راجوری میں زیر علاج ہیں۔ جنگلی جانوروں کے حملے میں زخمی ہوئے دو شہریوں کے بعد علاقے میں کافی خوف و ہراس کا ماحول ہے۔