راجوری: جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے سولکی گاؤں میں منگل کو دوسرے روز بھی ملیٹینٹ مخالف آپریشن جاری رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر کی صبح راجوری کے سولکی گاؤں میں چند مشکوک افراد کی نقل وحمل کے بعد فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طورپر آپریشن شروع کیا۔معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کو مصدقہ اطلاع ملی ہے کہ گاوں میں مشتبہ عسکریت پسند چھپے ہوئے ہیں جس کے پیش نظر سکیورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کیاہے۔
ذرائع کے مطابق سولکی گاؤں کے ساتھ ساتھ آس پاس علاقوں میں بھی تلاشی آپریشن جاری ہے جبکہ مقامی لوگوں سے بھی پوچھ تاچھ کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔امکانی دراندازی کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر نہ صرف فوج کی چوکسی بڑھائی گئی بلکہ سلامتی عملے کو جدید ہتھیاروں سے بھی لیس کیا گیا ہے۔