سرینگر:جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے تھنہ منڈی بفلیاز کے جنگل کے علاقے میں تیسرے روز بھی وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔ یہاں جمعرات کی سہہ پہر عسکریت پسندوں کے زریعہ دو فوجی گاڑیوں پر حملہ میں 4 فوجی جوان جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے تھے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی تلاش کے لئے علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں چھپے عسکریت پسندوں کا سراغ لگانے کے لئے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے اور سنیفر کتوں کو بھی کام پر لگایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ، محاصرے کو سخت کرنے کے لئے فوج کی اضافی کمک کو طلب کیا گیا ہے۔ ادھر قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک ٹیم نے جمعہ کے روز جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے تھنہ منڈی بفلیاز کے جنگل علاقے میں جائے انکائونٹر کا دورہ کیا۔
جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوئن اور 16 کور کمانڈر سندیپ جین نے جمعے کے روز پونچھ کے بفلیازمیں جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔ جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے تھنہ منڈی بفلیاز علاقے میں عسکریت پسندوں نے فورسز کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 4 فوجی جوان ہلاک جبکہ مزید تین کو تشویشناک حالت میں فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔