راجوری:سرحدی ضلع راجوری کے سب ڈویژن تھنہ منڈی کے کئی علاقوں لوگوں کی شکایت ہے کہ علاقے میں بجلی کا ترسیلی نظام درہم برہم ہو چکا ہے جس کے سبب لوگوں کو بجلی کی بحرانی صورتحال کا سامنا ہے۔ علاقے میں بجلی ترسیلی نظام کو مستحکم بنانے کے لئے انتظامیہ نے ’’سوبھاگیہ اسکیم‘‘ کے تحت بجلی ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے حوالہ سے اقدامات کیے گئے تاہم لوگوں کا ماننا ہے کہ اس اسکیم کے تحت علاقے میں خاطر خواہ انتظامات نہیں اٹھائے گئے۔ Poor Electric Transmission System in Thana mandi rajouri
لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں کئی مقامات پر محکمہ بجلی نے ترسیلی لائنز سر سبز درختون کے ساتھ باندھ دی ہیں وہیں متعدد مقامات پر محض لکڑی اور لوہے کے عارضی کھمبے نصب کرکے ترسیلی لائنز نصب کی گئی ہیں، جس سے علاقے میں کبھی بھی کوئی حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی مرتبہ حکام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے اس حوالہ سے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بعض جگہوں پر بجلی ترسیلی لائنز زمین سے محض دو یا تین فٹ کی اونچائی پر ہے جس سے علاقے میں جان و مال کا خظرہ لاحق رہتا ہے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ترسیلی نظام درہم برہم ہونے کے باعث اکثر و بیشتر پولز، بجلی ترسیلی لائنز کو مرمت کی ضرورت پڑتی ہے جس کے باعث علاقہ شدید اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اکثر و بیشتر بجلی غائب رہنے سے سردیوں کے ایام میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی کے باعث لوگوں خاص کر طلبہ کو سخت مشکلات کا سامان کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ بجلی ترسیلی نظام کو بہتر بنائے جانے کے حوالہ سے لوگوں نے کئی مرتبہ محکمہ بجلی کے افسران کی توجہ اس جانب توجہ مبذول کرائی حتی کہ احتجاج بھی کیے تاہم اس کے باوجود بجلی ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
مزید پڑھیں:Poor Electric Transmission in Newa نیوہ پلوامہ میں بجلی ترسیلی نظام ابتر، عوام کو مشکلات
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے لوگوں نے بتایا کہ سنہ 2017سے مقامی باشندے لگاتار محکمہ بجلی کے دفتر کے چکر کاٹ رہے تاہم لوگوں کو بجلی جیسی بنیادی ضرورت فراہم کرنے کے حوالہ سے آج تک سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے تھنہ منڈی کے ابتر بجلی کے ترسیلی نظام کو مستحکم بنانے اور شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے کو یقینی بنائے جانے کے حوالہ سے خاطر خواہ اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جانے کی اپیل کی ہے۔