راجوری:جموں و کشمیر کے راجوری میں ضلع عدالت کے احاطے سے کچھ ضبط شدہ سامان اور کیس سے متعلق اشیاء چوری کر لی گئیں۔ اس معاملے میں ایک افسر سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ کچھ مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کچھ چوروں نے کل رات راجوری کے ضلع عدالت کے احاطے کے 'ملخانہ' کا تالا توڑا اور سامان لے کر فرار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس نے فرانزک ٹیم کی مدد سے جائے وقوعہ کا تجزیہ کیا ہے اور تکنیکی شواہد کا بھی تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے پکڑا گیا ہے۔ راجوری کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امرت پال سنگھ نے اے ایس آئی طارق محمود، سارجنٹ محمد شفیق اور اسپیشل پولیس افسران غلام نبی، محمد منشی اور مرتضیٰ خان کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر معطل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، جلد ہی کوئی پیش رفت متوقع ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجوری اس معاملے کی تحقیقات کریں گے۔