بنگلور:کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے جموں و کشمیر کے راجوری میں آج دہشت گردوں کے ساتھ مڈبھیڑ میں فوج کے پانچ جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ کھڑگے نے ٹویٹ کیا کہ"جموں و کشمیر کے راجوری میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے ہمارے پانچ جوانوں نے ملک کے لیے سب سے بڑی قربانی دی ہے۔ ہم بہادر فوجیوں کو دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔" دہشت گردی کے خلاف ملک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
فوجیوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس نے بھی اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہاکہ "جموں و کشمیر کے راجوری میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں فوجیوں کی شہادت کے بارے میں افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ خدا پاک روحوں کو سکون اور ان کے اہل خانہ کو یہ ناقابل برداشت دکھ برداشت کرنے کی طاقت دے۔ ہم اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔"