راجوری:سرحدی ضلع راجوری کے کنڈی علاقے میں چوتھے روز بھی عسکریت پسند مخالف آپریشن جاری رہا ۔اطلاعات کے مطابق راجوری کے کنڈی علاقے میں پیر کے روز بھی مفرور عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر تلاشی آپریشن جاری رہا۔ذرائع نے بتایا کہ پیرا کمانڈوز نے ایک وسیع جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کے روز موسمی صورتحال دگر گوں ہونے کے باوجود بھی راجوری کے کنڈی علاقے میں تلاشی آپریشن جاری رہا جس دوران سیکورٹی فورسز نے کئی اور علاقوں میں پہرے بٹھا دئے۔
فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ہفتے کے روز راجوری کے جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین آمنا سامنا ہوا تھا اور اس کے بعد گولیوں کا تبادلہ نہیں ہوا۔ان کے مطابق علاقے میں موسمی صورتحال کافی خراب ہے لیکن اس کے باوجود بھی سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر فضائیہ کی بھی خدمات حاصل کی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف کے سینئر آفیسران آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں اور یومیہ آپریشن کے حوالے سے مرکزی وزارت دفاع کو آگاہ کر رہے ہیں۔