راجوری: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے لئے جموں وکشمیر کے اسمبلی انتخابات میں 10 سیٹیں حاصل کرنا بھی مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر میرے ہاتھوں میں ہوتا تو میں نے جموں و کشمیر میں کب کے الیکشن کرائے ہوتے۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں الیکشن منعقد نہ ہونے کے لئے میں الیکشن کمیشن اور بی جے پی دونوں کو قصور وار ٹھہراتا ہوں۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز راجوری کے نوشہرہ علاقے میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'اگر میرے ہاتھوں میں ہوتا تو میں نے جموں و کشمیر میں راجستھان، تلنگانہ، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے ساتھ ہی الیکشن کرائے ہوتے'۔ ان کا کہنا تھا کہ 'حقیقت ہے کہ جموں و کشمیر کے الیکشن میں بی جے پی کے لئے یہاں 50 کیا 10 سیٹیں حاصل کرنا بھی مشکل ہے'۔
الیکشن کمیشن کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہا کہ 'جہاں تک الیکشن کمیشن کا سوال ہے تو ان پر بھی سوالیہ نشان لگتا ہے ہم بار بار الیکشن کے بارے میں پوچھتے ہیں تو ان کا جواب ہوتا ہے کہ الیکشن کے لئے وازارت داخلہ اور جموں وکشمیر انتظامیہ کے ساتھ یونین ٹریٹری کے حالات کے متعلق مشورہ کرنا ہے'۔