ہائی کورٹ جج صاحبان کا کورٹ کمپلیکس راجوری کا دورہ راجوری (جموں و کشمیر):ہائی کورٹ آف جموں کشمیر اینڈ لداخ کے جج صاحبان - جسٹس سنجے دھر، جسٹس محمد اکرم چودھری - نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس راجوری اور منصف عدالتوں کی تعمیر کے لیے مجوزہ جگہ کا معائنہ کرنے کے لیے سرحدی ضلع راجوری کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران جسٹس صاحبان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کلپنا ریوو، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجوری محمود چودھری، ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل، ایس ایس پی محمد اسلم، سی ای پی ڈبلیو ڈی پی سی تنوج، چیف آرکیٹیکچر آفیسر جموں اور دیگر عدالتی افسران بھی موجود تھے۔
دورے کا مقصد راجوری میں ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لیے مجوزہ جگہ کی فزیبلٹی کا جائزہ لینا تھا۔ دورے کے دوران جج صاحبان نے مجوزہ کورٹ کمپلیکس کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے منصوبے کے تکنیکی اور قانونی پہلوؤں کے بارے میں سبھی معلومات کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔ ججوں نے راجوری اور دیگر منصف عدالتوں میں ایک جدید اور سبھی سہولتوں سے لیس - جو وکیلوں اور عدالتی افسران کی ضروریات کو پورا کرے - عدالتی احاطے کی اہمیت پر زور دیا۔
جسٹس سنجے دھر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’راجوری میں ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو انصاف تک بہتر رسائی ملے گی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کی طرف یہ ایک بڑا قدم ہوگا۔‘‘ قبل ازیں راجوری کے دورے کے دوران جسٹس سنجے دھر اور جسٹس اکرم چودھری نے سندربنی میں منصف کورٹ کی تعمیر کے لیے منتخب کردہ جگہ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے مجوزہ کورٹ کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے اور پراجیکٹ کے تکنیکی اور قانونی پہلوؤں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے بات چیت کی۔
راجوری میں ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس اور سندر بنی میں منصف کورٹ کے لیے مجوزہ جگہوں کے معائنے کے علاوہ جج صاحبان نے منصف کورٹ تھنہ منڈی کا بھی معائنہ کیا اور جوڈیشل افسران، سیول افسران کے ساتھ بات چیت کی تاکہ موجودہ عدالتوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کے طریقے وضع کیے جاسکیں۔ علاوہ ازیں جسٹس اکرم چودھری نے جوڈیشل افسران کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں ڈپٹی کمشنر راجوری، وکاس کنڈل، ایس ایس پی راجوری، محمد اسلم، سی ای پی سی تنوج، ایڈیشنل ڈی سی سچن دیو سنگھ، ایس ای پی ڈبلیو ڈی، کمل کشور گپتا اور پی ڈبلیو ڈی کے دیگر انجینئرز نے شرکت کی۔
ضلع میں عدالتی ڈھانچے میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی، جن مخصوص نکات پر بات چیت کی گئی ان میں منصف کورٹ سندربنی/کالا کوٹ کی مرمت اور تزئین و آرائش، منصف کورٹ نوشہرہ کی بجلی اور ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے مسائل شامل تھے۔