جموں:فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اندرونی حالات سے لائن آف کنٹرول کی سیکورٹی صورتحال پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے فوج کو مکمل کنٹرول حاصل ہے۔ ان باتوں کا اظہار فوج کی سولہ ویں کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل مجندر سنگھ نے بدھ کے روز راجوری میں ’راجوری فیسٹول‘ کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔ Lieutenant General Manjinder Singh on LOC Situation
لیفٹیننٹ جنرل مجندر سنگھ نے کہا کہ ’پاکستان کی اندرونی صورتحال اور لائن آف کنٹرول دو الگ الگ چیزیں ہیں۔ لائن آف کنٹرول کی حفاظت فوج کی ذمہ داری ہے اور دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے فوج کو مکمل کنٹرول حاصل ہے۔' انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے اندرونی حالات سے لائن آف کنٹرول کے حالات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا‘۔ موصوف لیفٹیننٹ جنرل نے کہا کہ برف پگھلنے کے ساتھ جنگجو دراندازی کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں تاکہ یہاں امن کے ماحول کو در و برہم کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے اُس پار لانچنگ پیڈس پر جنگجوؤں کی تعداد میں گذشتہ دو برسوں کے مقابلے میں تھوڑا فرق واقع ہوا ہے،تاہم یہ تعداد باعث تشویش نہیں ہے۔