راجوری (جموں و کشمیر) :صوبہ جموں کے سرحدی ضلع راجوری میں ہفتہ کو سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین تصادم شروع ہوا۔ تصادم میں ایک عسکریت پسند کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ آپریشن ابھی جاری ہے۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کو سرحدی ضلع راجوری کے خواص علاقے میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاع موصول ہوتے ہی فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ٹیم نے مشترکہ طور آپریشن شروع کیا اور علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق تلاشی مہم تیز کی گئی اور چھپے عسکریت پسندوں نے حفاظتی اہلکاروں پر گولیاں چلائیں جس کے جواب میں حفاظتی اہلکاروں نے بھی فائرینگ شروع کی اور محاصرہ انکاؤنٹر کی شکل اختیار کر گیا۔ حفاظتی اہلکاروں نے انکاؤنٹر کے دوران ایک عسکریت پسند کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم ہلاک کئے گئے عسکریت پسند کی اب تک شناخت نہیں ہوئی ہے جبکہ آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔