راجوری (جموں کشمیر) :صوبہ جموں کے ضلع راجوری کے کالاکوٹ میں واقع باجی علاقے میں عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان انکاؤنٹر جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین جاری تصادم میں دو فوجی کیپٹن سمیت چار اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ فوج نے سماجی رابطہ گاہ ’ایکس‘ پر راجوری انکاؤنٹر کے دوران فوج کو جانی نقصان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مہلوک فوجی اہلکاروں کی شناخت کیپٹن ایم وی پرانجل (63 آر آر)، کیپٹن شبھم، حوالدار ماجد اور میجر مہرا کے طور پر کی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ جنگلی علاقے میں محصور عسکریت پسندوں کو مار گرانے کی خاطر فضائیہ کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔
قبل ازیں حفاظتی اہلکاروں کو علاقے میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔ یہ محاصرہ گزشتہ تین روز سے جاری ہے۔ حفاظتی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی گئی اور اس دوران چھپے بیٹھے عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر گولیاں چلائیں جس کے جواب میں فورسز نے بھی ان پر گولیاں برسائیں، اس طرح یہ محاصرہ انکاؤنٹر کی شکل اختیار کر گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں دو عسکریت پسند چھپے بیٹھے ہیں، تاہم حکام کی جانب سے ابھی تک اس معاملے میں کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔