راجوری:صوبہ جموں کے سرحدی ضلع راجوری میں ایک مدرسہ میں زیر تعلیم کمسن بچے کے ساتھ، مبینہ طور، مارنے پیٹنے اور زنجیر سے باندھ کر اذیت دینے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ نے کم عمر بچے کو ریسکیو کرکے اس معاملے میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ انتظامیہ / پولیس کی جانب سے یہ کارروائی کم عمر بچے کے بیان اور وائرل ویڈیو کے بعد انجام دیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق راجوری میں ایک مدرسہ میں زیر تعلیم دس سالہ لڑکے کو استاد نے زنجیر سے باندھ کر اسے اذیت پہنچائی۔ زنجیر مقفل کرنے کے بعد، مبینہ طور پر، کمسن بچے کو ایک کمرے میں بند کر دیا گیا۔ ضلع کے اندروتھ گاؤں کے رہنے والے دس سالہ بچے کا دعویٰ ہے کہ وہ کسی طرح بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گیا اور بازار زنجیر سے بندھے ہوئے بچے کو دیکھ کر سبھی حیرت زدہ رہ گئے اور انہوں نے بچے کو زنجیر سے آزاد کر دیا۔ اس معاملہ کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے۔ وائرل ویڈیو میں بچہ کے جسم پر جگہ جگہ مار پیٹ کے نشانات صاف طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔