پولیس ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راجوری کے منجکوٹ سیکٹر میں گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک کمسن لڑکی سمیت دو شہری زخمی ہوئے۔
انہوں نے زخمیوں کی شناخت محمد رفیق ولد علی حیدر خان اور ثانیہ شبیر دختر محمد شبیر ساکنان کھوری نار راجدھانی کے بطور کی اور کہا کہ دونوں کو علاج ومعالجہ کے لئے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا۔
ایک مقامی نیوز ایجنسی نے منجکوٹ کے نائب تحصیلدار آفتاب حیسن شاہ کے حوالے سے کہا کہ گولہ باری کے نتیجے میں تین مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور چار بھیڑ بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ضلع ہسپتال راجوری کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ رات کو قریب دو بجے ہمارے پاس دو زخمی لائے گئے جن میں سے ایک بچی اور ایک بزرگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
زخمی کمسن لڑکی ثانیہ نے ہسپتال میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ایک شیل ہمارے مکان کے آنگن میں گر کر پھٹ گیا جس کے آہنی ریزے مجھے اور میرے دادا جی کو لگے۔