راجوری: بھارتیہ جنتا پارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے اتوار کے روز کہا کہ بھاجپا الیکشن کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں چناؤ کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کوکرنا ہے۔رویندر رینا نے راجوری کے کنڈی علاقے میں میاں بیوی کے بہیمانہ قتل کے بارے میں بتایا کہ یہ دہشت گردوں کی حرکت ہو سکتی ہے اور سکیورٹی ایجنسیوں کو اس حوالے سے اہم سراغ بھی ملے ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سرنکوٹ پونچھ میں عوامی دربار سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی الیکشن کے لئے پوری طرح تیار ہے، تاہم چناؤ کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کوکرنا ہے۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں تمام الیکشن کے لئے ہم نے پوری تیاری کی ہوئی ہیں۔رویندر رینا نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت نے پچھلے نو سالوں کے دوران لوگوں کو ہر قسم کی سہولیت فراہم کی۔ انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا جال بچھانے، لوگوں کے مسائل حل کرنے، تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں فراہم کرنے کی خاطر بی جے پی نے زمینی سطح پر کام کیا۔ان کے مطابق پچھلے تین برسوں کے دوران جموں وکشمیر میں امن و امان کی فضا واپس لوٹ آئی ہے ، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا لگ بھگ خاتمہ ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جموں و کشمیر میں انتخابات وقت پر ہوں گے، ترون چگ
غور طلب ہے کہ جموں وکشمیر میں آخری اسمبلی انتخابات نو برس قبل یعنی 2014 میں ہوئے تھے۔ 19 جون 2018 کو ریاست میں اس وقت صدر راج نافذ کیا گیا جب بی جے پی نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کی قیادت والی مخلوط حکومت سے علیحدگی اختیار کی اور اسمبلی میں اکثریت نہ ہونے کی صورت میں وزیر اعلی کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑا اور اس وقت کے گورنر سیتہ پال ملک نے20 جون 2018 کو اسمبلی کو برخاست کردیا۔