راجوری: راجوری ضلع کے نوشہرا سیکٹر میں ایل او سی کے نزدیک اتوار کے روز ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں فوجی جوان شدید طور پر زخمی ہوا۔ زخمی فوجی اہلکار کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز نوشہرا سیکٹر میں حد متارکہ کے نزدیک بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک فوجی شدید طور پر زخمی ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ دھماکے کی آواز سنتے ہی آس پاس تعینات اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور انہوں نے زخمی ہوئے اہلکار جس کی شناخت گرچرن سنگھ کے بطور ہوئی ہے کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں سے ابتدائی مرہم پٹی کے بعد اس کو فوجی ہسپتال ادھمپور ریفر کیا گیا۔ دھماکہ کیسے اور کن حالات میں ہوا اس کی بڑے پیمانے پر سکیورٹی فورسز جانچ کر رہی ہے۔