انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر کی جانب سے اتوار کو ایوان ِ صحافت راجوری (پریس کلب راجوری، Press Club Rajouri) میں خطہ پیر پنچال کے عامل صحافیوں کے لئے”دور ِجدید میں صحافت Journalism کے بدلتے تقاضے کے موضوع پر ایک تربیتی ورکشاپ Training Workshop کا انعقاد کیا گیا۔
دو نشستوں پر مشتمل ورکشاپ کے دوران عالمی شہرت یافتہ صحافی یوسف جمیل صاحب نے ”صحافتی اخلاقیات اور ذمہ داریاں ‘ کے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار صحافی ہی ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں صحت مند رول ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے اپنے تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں عامل صحافیوں پر زور دیا کہ وہ معیاری صحافت یقینی بنانے کے لئے غیر جانبداری، احساس ذمہ داری، برد باری اور تحمل مزاجی کا مظاہرہ کریں اور خبروں کو اپنے قارئین، ناظرین اور سامعین تک پہنچانے کے عمل میں اپنی پسند اور ناپسند کو درکنار رکھ کر صرف حقائق بیان کرنے تک ہی اپنے رول کو محدود رکھیں۔
سرکردہ صحافی ریاض مسرور نے عملی مشق کے ذریعے عامل صحافیوں کو جدید صحافت کے تقاضوں سے روشناس کرایا۔ انہوں نے ڈیجیٹل صحافت کو صحافت کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عامل صحافیوں کو اپنے آپ کو آج سے ہی خود کو اس کے لئے تیار کرنا چاہیے۔
ریاض مسرور نے ویڈیو جرنلزم کے فارمیٹ انتہائی سلیس انداز میں بیان کرتے ہوئے معیاری صحافت کی صحت برقرار رکھنے کے پیمانے مدلل انداز میں بیان کئے۔