راجوری (جموں و کشمیر) :سرحدی ضلع راجوری کے سب ڈویژن کوٹرنکا علاقہ میں جمعرات کو ایک دلدوز سڑک حادثہ میں دو افراد کی موت واقع ہو گئی، حادثہ میں آٹھ سے زائد افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ نمائندے کے مطابق کوٹرنکا، راجوری میں ایک منی بس حادثہ کا شکار ہو گئی جس میں سوار سبھی افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ کے فوراً بعد مقامی باشندوں، پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچاؤ کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو فوری طور نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاں دو افراد کو معالجین نے مردہ قرار دے دیا۔ حادثہ میں زخمی ہوئے دیگر افراد کی ابتدائی مرہم پٹی کے بعد انہیں ضلع اسپتال راجوری منتقل کیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت محمد عامر ولدعلم الدین عمر50سال ساکنہکنڈی۔ 30سالہ صدام حسین ولد اقبال شاہ، 25سالہ بدرحسین ولدخان محمد ساکنان کنڈی، محمدحفیظ ولد محمد نذیر، زوجہ محمدقدیر، محمد عرفان ولد منیر حسین، عبد الرشید ولدسراج دین۔ 18سالہ پشپا دیوی دختر سبج رام۔ بلو بیگم زوجہ علم الدین زاہدہ بانو زوجہ محمد یوسف، پروین اختر زوجہ عبد الرشید، ثوبیا کوثر دختر بشیر شاہ کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے میں 30سالہ شکیل احمد ولد محمدبشیر اور 26سالہ بدر حسین ولد خان محمد ساکنان کنڈی، راجوری فوت ہو گئے۔ حادثہ میں فوت ہوئے افراد کا کوٹرنکا اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔