بھرت پور: بھرت پور ضلع کے بیانہ علاقے کے اڈا گاؤں میں آج صبح زمین کے تنازع میں ایک فریق نے دوسرے فریق کے نوجوان کو ٹریکٹر سے کچل کر بے دردی سے ہلاک کر دیا۔ واقعہ کے دوران گاؤں کے سینکڑوں افراد وہاں موجود تھے۔ اس واقعے کا ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں ایک نوجوان کو ٹریکٹر سے کچل کر ہلاک ہوتے دکھایا گیا ہے۔ نوجوان کو تقریباً 6 بار ٹریکٹر سے کچلا گیا۔ اس گھناونے قتل کے بعد صدر تھانہ انچارج سمیت پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
بیانہ کے صدر تھانہ علاقے کے گاؤں اڈہ میں بہادر اور اتر سنگھ گرجر کے درمیان کافی عرصے سے زمین کا تنازع چل رہا تھا۔ چار دن پہلے دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ لیکن آج صبح دونوں فریق زمین کے تنازع پر ایک بار پھر جھگڑنے لگے۔ جھگڑے میں بہادر فریق کا ایک شخص ٹریکٹر لے کر متنازع زمین پر پہنچ گیا۔ اتر سنگھ فریق کے مرد و خواتین بھی موقع پر پہنچ گئے۔