الور: راجستھان میں الور ضلع کے کھیڑلی قصبے میں دانتیا ریلوے اسٹیشن سے تقریبا ڈیرھ کلومیٹر دور ایک شادی شدہ عورت نے اپنے دو بچوں سمیت ٹرین کے آگے کود کر خودکشی کر لی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق تھانہ علاقہ کے گاؤں ڈیوٹھانہ کے رہائشی رام ویر چودھری کھیت سے اپنے کام کرکے جمعہ کی شام قریب چار بجے گھر پہنچے تو اسکول سے اپنے دونوں بچوں پرشانت اور ہیماکے بیگ لائے لیکن بچے نہیں آئے اور بیوی پنکی بھی گھر پر نہیں تھی۔ جس کے بعد رام ویر بچوں کے اسکول کے پاس گھورسانہ میں معلوم کرنے گیا۔ جہاں پتہ چلا کہ اس کی بیوی پنکی دونوں بچوں کو اپنے ساتھ ڈریس سلوانے کے لئے گئی تھی۔ رام ویر نے گاؤں میں بیوی اور بچوں کو تلاش کیا وہ کہیں نہیں ملے۔
اس کے بعد خاندان اور گاؤں کے لوگوں کو اس بارے میں بتایا جس کے بعد گاؤں والے آس پاس کے گاؤں میں تلاش کرنے میں لگ گئے۔ دیر رات پتہ چلا کہ ایک خاتون اور دو بچوں کی لاشیں داتنیا اور گھورسانہ ریلوے اسٹیشن کے درمیان پٹریوں پر پڑی ہیں۔ جس کے بعد لواحقین موقع پر پہنچے اور لاشوں کی شناخت کی۔معاملے کی اطلاع ملنے پر ریلوے پولیس اہلکار اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قصبے کے سرکاری ریفرل اسپتال لائے اور مردہ خانے میں رکھوایا۔ متوفی میں 30سالہ پنکی جاٹ اور اس کا 13سالہ بیٹا پرشانت اور 11سالہ بیٹی ہیما ہیں۔