چتور گڑھ: وزیر اعظم نریندر مودی کے چتور گڑھ کے دورے سے عین قبل وندے بھارت ایکسپریس کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کی گئی۔ درحقیقت پیر کی صبح ادے پور ۔جے پور وندے بھارت حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا۔ کچھ شرپسندوں نے ٹرین کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کی تھی لیکن پائلٹ کی چوکسی کی وجہ سے یہ حادثہ ٹل گیا۔ ادے پور سے جے پور آتے ہوئے ٹریک پر بڑی تعداد میں پتھر اور سلاخیں رکھی ہوئی تھیں۔ جس کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے۔ اس ویڈیو میں مزدور پٹری سے پتھر ہٹاتے نظر آ رہے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد محکمہ ریلوے میں ہلچل مچ گئی۔ ریلوے پولیس اور محکمہ نے بھی سی آر پی ایف کو واقعہ کی اطلاع دی اور تمام افسران نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ اس سلسلے میں ریلوے نے گنگرار پولس اسٹیشن میں کیس درج کیا ہے۔ پولیس نے شرپسند عناصر کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
معلومات کے مطابق، ادے پور سے روانہ ہونے کے بعد، وندے بھارت صبح تقریباً 9:55 پر چتور گڑھ پہنچی۔ اس دوران یہ واقعہ سونیانہ اور گنگر ریلوے اسٹیشن کے درمیان راستے میں پیش آیا۔ پٹریوں پر گڑبڑ محسوس کرتے ہوئے لوکو پائلٹ نے ٹرین کو روکا۔ نارتھ ویسٹرن ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر کیپٹن سسیکرن کے مطابق لوکو پائلٹ کی چوکسی کی وجہ سے حادثہ ٹل گیا اور محکمہ کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔