اجمیر:ریاست راجستھان کے ضلع اجمیر میں حضرت خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کی چھٹی شریف, خواجہ صاحب کے پیر حضرت خواجہ عثمان ہارونی رحمۃ اللہ علیہ کے دو روزہ عرس مبارک کے موقع پر بڑی تعداد میں زائرین نظر آئے۔ اس موقع پر شاہی قوالوں نے صوفیانہ اردو اور فارسی کے منفرد کلام پیش کئے۔ ملک بھر سے درگاہ پہنچنے والے زائرین نے صبح 9 بجے چھٹی شریف کی فاتحہ میں شرکت کی جہاں خادمین کی جانب سے سلسلہ چشتیاں کا خصوصی شجرہ پڑھا گیا۔ فاتحہ کے بعد عقیدت مندوں کی زندگیوں میں خوشیوں اور سکون کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔
پیرو مرشد حضرت خواجہ عثمان ہارونی کا عرس شان و شوکت سے منایا گیا۔ اس موقع پر ایک لاکھ سے زائد زائرین عرس کی رسومات میں شرکت کے لئے اجمیر پہنچے۔درگاہ کمیٹی نے درگاہ دیوان کی صدارت میں گزشتہ شب عرس کی شاہی محفل کا انعقاد درگاہ کے محفل خانہ میں کیا۔ درگاہ مروسی آملہ نے محفل سماع کی تمام تر تیاریاں کی ،یہ سالانہ شاہی محفل سماع میں قوالوں نے حضرت امیر خسروؒ کا اردو فارسی کلام پیش کیا ۔ صوفیانہ کلام سن کر اہل ایمان جھوم اٹھے اور ہر طرف روحانی منظر نظر آیا۔