اجمیر: ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں عازمین حج کے لئے تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔تربیتی کیمپ میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حج نے شرکت کی۔عازمین حج کو اس سلسلے میں اہم معلومات فراہم کی۔ اس حج تربیتی کیمپ کا اہتمام شہر کے ہیرا انگلش سینئر سیکنڈری اسکول پہاڑ گنج میں سماجی تنظیم سنی دعوت اسلامی جے پور کے زیراہتمام کیا گیا تھا۔اس میں ممبئی کے محمد موسیٰ نوری اور اجمیر شریف کے مولانا معین الدین رضوی نے عازمین حج کو حج کے ارکان کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
سنی دعوت اسلامی اور نوری سنی سنٹر ڈویلپمنٹ کمیٹی کے ممبران حاجی حسین احمد اور حاجی حامد بیگ نے بتایا کہ سوسائٹی کی جانب سے تمام عازمین حج کا پھولوں کا ہار پہنا کر استقبال کیا گیا۔ شہر کے ہیرا انگلش سینئر سیکنڈری اسکول پہاڑ گنج میں صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ضلع جے پور اور آس پاس کے علاقوں سے حج اور عمرہ کے لئے جانے والی خواتین اور مردوں کے لئے ایک تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔