جودھ پور: ریاست راجستھان کے جودھ پور میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ منگل کی دیر شام ضلع جودھ پور کے دیہی علاقے میں ایک لڑکی پانی کے ٹینک میں گر گئی۔ اسے بچانے گئے 8 افراد کرنٹ کی زد میں آگئے۔ اس حادثے میں بچی سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 2 لوگوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دونوں کو جودھ پور ریفر کر دیا گیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقعے پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لیا۔ فی الحال تینوں لاشیں ہسپتال کے مردہ خانہ میں رکھی گئی ہے۔
دیچو پولیس اسٹیشن کے مطابق، بھجن لال وشنوئی کی 15 سالہ بیٹی منگل کی شام تقریباً 7 بجے پھلودی کے منڈلا گاؤں میں پانی کے ٹینک میں گر گئی۔ اسے باہر نکالنے کے لیے گھر والوں میں افراتفری مچ گئی۔ اسی دوران لوہے کی سیڑھی کو پانی کے ٹینک میں اتارنے کی کوشش کی جا رہی تھی تبھی سیڑھی ٹینک کے اوپر والے بجلی کے تار کو چھو گئی۔ جس کی وجہ سے وہاں موجود 8 افراد کو کرنٹ لگ گیا۔