جے پور: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) راجستھان، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے پانچویں دن بھی اپنے وزرائے اعلیٰ کے نام کا انتخاب نہیں کر پائی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے نام کے انتخاب کے لیے نئی دہلی میں بی جے پی کے اعلیٰ رہنماؤں کی میٹنگیں جاری ہیں اور ریاستی لیڈران بھی ان سے ملاقات کر رہے ہیں۔ سابق وزیراعلی وسندھرا راجے بھی اعلیٰ رہنماؤں سے ملاقات کے لیے نئی دہلی پہنچ گئی ہیں۔
راجستھان میں وزیراعلیٰ کی دوڑ میں وسندھرا راجے سمیت کئی لیڈروں کی بات ہے، جس میں سب سے زیادہ بات بالک ناتھ کی ہے کہ انہیں وزیراعلیٰ بنایا جا سکتا ہے۔ ان کے علاوہ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر ارجن میگھوال، گجیندر سنگھ شیخاوت اور اشونی کمار، پارٹی کے سینئر لیڈر اوم پرکاش ماتھر اور ایم ایل اے دیا کماری کے ناموں پر لوگوں کے درمیان وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے بحث ہو رہی ہے۔ بی جے پی لیڈروں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے نام کے انتخاب کا فیصلہ پارٹی ہائی کمان کرے گی۔
امکان ہے کہ بی جے پی ان تینوں ریاستوں میں سی ایم کے انتخاب کے لیے جمعہ کو مرکزی مبصرین کے نام کا اعلان کرے گی اور ہفتے کے آخر میں نئے وزرائے اعلیٰ کا نام بھی سامنے آسکتا ہے۔ پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ تینوں ریاستوں کے مبصرین کا نام جمعہ کو متوقع ہے۔ اس کے بعد وہ نو منتخب ایم ایل ایز کی میٹنگوں کی نگرانی کے لیے متعلقہ ریاست کا سفر کریں گے جہاں مستقبل کے وزرائے اعلیٰ کا نام لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور پارٹی تینوں وزیراعلیٰ کے انتخاب میں سماجی، علاقائی، گورننس اور تنظیمی مفادات کو مدنظر رکھے گی۔