راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں واقع جواہر کلا کیندر میں اردو اکیڈمی کی جانب سے کل سے دو روزہ کل ہند سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق یہ سمینار منعقد ہونے سے قبل ہی سوشل میڈیا پر موضوع بحث ہے کیونکہ اس سمینار میں دیئے جانے والے کارڈ کو اردو کے بجائے ہندی میں شائع کیا گیا ہے۔ حالانکہ کچھ مخصوص جگہ پر اردو کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔
دعوت نامہ کی سرخی میں محض راجستھان اردو اکادمی جے پور ہی اردو میں لکھا گیا ہے بقیہ پورا دعوت نامہ ہندی میں شائع کیا گیا ہے ایسے میں یہ کارڈ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے کہ جب سیمینار کا انعقاد اردو کے لئے ہورہا ہے تو دعوت نامہ ہندی میں کیوں شائع کیا گیا ہے۔
اس تعلق سے ای ٹی وی بھارت کے نامہ نگار کی جانب سے پوچھے جانے پر راجستھان اردو اکادمی کے سیکریٹری معظم علی کا کہنا ہے کہ جو لوگ دعوت نامہ پر سوالیہ نشان کھڑے کر رہے ہیں، ان کو دعوت نامہ کا مطالعہ کرنا چاہئے۔