جے پور: راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے قومی صدر سکھدیو سنگھ گوگامیڈی کو جے پور میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ شیام نگر علاقہ میں واقع ان کے گھر پر پیش آیا۔ گولی لگنے کے فورا بعد گوگامیڈی کو میٹرو ماس ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاسکے اور ڈاکٹرز نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی شیام نگر پولیس اسٹیشن کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی۔
اب اس پورے وردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔ گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو افراد کو گوگامیڈی اور اس کے محافظ سمیت دو دیگر افراد پر متعدد گولیاں چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ دونوں حملہ آور کمرے میں گوگامیڈی کے قریب بیٹھے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ وہیں کرنی سینا کے صدر کے قتل کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ کے گینگسٹر روہت گودارا نے قبول کی۔ گینگسٹر گولڈی برار اور لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی گودارا نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ ان کے لوگوں نے گوگامیڈی کو اس لیے مارا کہ وہ ان کے دشمنوں کی مدد کر رہا تھا۔