راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں واقع مسلم مسافر خانہ کمیٹی سمیت دیگر مسلم کمیٹیوں کے تعلق سے ریاست کی مسلم تنظیموں کے ذمہ داران کی جانب سے راجستھان مسلم وقف بورڈ کے خلاف مورچہ کھول دیا گیا ہے۔
راجستھان میں مسلم تنظیموں کے ذمہ داران نے یہ اعلان کر دیا ہے کہ مسلم وقف بورڈ کی جانب سے اگر راجستھان کی ان مسلم کمیٹیوں کے خاتمے کا اعلان نہیں کیا گیا جہاں عرصے سے کچھ لوگ جمے ہوئے ہیں اور انہیں ایک طرح سے ہائی جیک کرکے رکھا گیا ہے تو اس کا خمیازہ راجستھان مسلم وقف بورڈ کو اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
راجستھان حج ویلفیئر سوسائٹی کہ جنرل سیکرٹری حاجی نظام الدین کا کہنا ہے کے تولیت کمیٹی کی کئی روز سے مخالفت کی جا رہی ہے، اور خاص طور پر جے پور شہر میں ایک ہنگامہ برپا ہے، راجستھان مسلم وقف بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر خانو خان بودھوالی ایک سنجیدہ افسر ہیں ان کو اس معاملے میں جلد فیصلہ لینا چاہیے تاکہ لوگوں کی خواہشات کا احترام کیا جائے اور ادارے کو ترقی کے راستے پر ڈالا جائے۔