راجستھان میں جاری سیاسی ہنگامے کے درمیان اب تک بی جے پی، کانگریس کے اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کو لے کر ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی تھی لیکن اب جلد ہی تربیتی کیمپ کے نام پر بی جے پی کے اراکین اسمبلی کو ایک ہوٹل یا ریسٹورنٹ میں رکھے جانے کی خبر سامنے آرہی ہے۔ سرکردہ رہنما پارٹی سطح پر اس کی تیاری میں لگے ہوئے ہیں۔
پہلے بی ایس پی کے اراکین اسمبلی کو لے کر ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار تھا، لیکن اسے 11 اگست تک ملتوی کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے بی جے پی اراکین اسمبلی کو چوکس رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ تاہم بی جے پی کے ریاستی صدر ستیش پونیا نے واضح طور پر کہا ہے کہ بی جے پی کے ایم ایل اے تربیت یافتہ ہیں، لیکن وہ اس سے بھی انکار نہیں کرتے ہیں کہ اس سیشن سے پہلے بی جے پی کی قانون ساز پارٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ شاید اراکین اسمبلی ایک جگہ جمع ہوں گے حالانکہ مقام اور وقت کا انکشاف کرنا ابھی باقی ہے۔