راجستھان میں ان دنوں مہاجر پرندوں کے برڈ فلو کی زد میں آنے کے سبب جودھپور ضلع میں گزشتہ دس دنوں میں تقریباً 200 پرندوں کی موت ہوچکی ہے۔ حالانکہ اس پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔
جودھپور ضلع کے ڈپٹی فارسٹ کنزرویٹر رمیش کمار مالپانی نے بتایا کہ اتوار کو ضلع کے راماسنی کے ایک دوسرے تالاب پرمزید 3 پرندوں کی موت ہوگئی۔ مالپانی نے بتایا کہ گزشتہ دس دنوں میں اب تک 195 سے زائد پرندوں کی موت ہو چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس بیماری کو دیگر مقامات پر ڈیرہ ڈال رکھے پرندوں میں پھیلنے سے روکنے میں کامیابی ملی ہے اور اب اس پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔ ابتدا میں اس سے زیادہ پرندوں کی موت ہوئی تھی جب کہ اب مرنے والے پرندوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے۔ سنیچر کو مرنے کے سات معاملے سامنے آئے تھے۔ جب کہ آج صرف تین پرندوں کی موت ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کاپرڈا، راماسنی، اولوی اور آس پاس کے علاقوں میں تقریبا 15000 مہاجر پرندوں نے ڈیرہ ڈال رکھا ہے۔