عالمی وبا کورونا سے آج ہر طبقہ کافی متاثر ہوا ہے، لاک ڈاؤن نافذ ہونے کی وجہ سے لوگوں کے کاروبار پر برا اثر پڑا ہے۔ ان میں ایک طبقہ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا سامان اٹھا کر اپنا پیٹ بھرنے والے قلیوں کا بھی ہے، جو اس وبا کی قہر سے بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔
راجستھان کے دارالحکومت جے پور کا ریلوے اسٹیشن پوری ریاست کا سب سے بڑا اسٹیشن ہے۔ یہاں پر روزانہ ہزاروں کی تعداد میں مسافر سفر کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
کورونا سے قلیوں کا حال بے حال، گھر چلانا مشکل وہیں ان تمام لوگوں کا سامان اٹھانے کے لیے ایک بڑی تعداد میں کورونا وبا کے دستک دینے سے قبل قلیوں کا ہجوم ریلوے اسٹیشن پر نظر آیا کرتا تھا، یہ قلی اسٹیشن کے باہر سے ہی مسافروں کا سامان اٹھا کر اپنے روزی روٹی کمایا کرتے تھے، لیکن اب لاک ڈاؤن کے دوران لوگ کم سفر کر رہے ہیں، جس سے اب ریلوے اسٹیشن پر کم قلی نظر آرہے ہیں۔
جے پور ریلوے اسٹیشن پر ان قلیوں نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران بتایا کہ کورونا کی وجہ سے ہم لوگوں کا جینا دشوار ہو چکا ہے، گھر کا خرچ چلانے میں بہت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دکانوں سے پچاس سے ساٹھ ہزار روپے کا سامان قرض لے لیا ہے۔اس قرض کو لوٹانے تک کے پیسے ہمارے پاس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کورونا وبا سے قبل ہم 170 قلی روزانہ یہاں ریلوے اسٹیشن پر کام کیا کرتے تھے، لیکن اب محض پانچ یا دس لوگ ہی ہیں جو یہاں پر آ رہے ہیں اور ہماری سو سے ایک سو پچاس روپے کی ہی کمائی ہو رہی ہے۔
قلیوں کا کہنا ہے کہ پہلے افسران یہاں پر آیا کرتے تھے تو ان کا سامان اٹھا لیا کرتے تھے لیکن اب مزدور طبقے کے لوگ ہی سفر کر رہے ہیں اس لیے وہ اپنا سامان خود ہی اٹھا لیتے ہیں، وہیں ان تمام قلیوں کی جانب سے مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت سے ان کی جانب توجہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔