سچن پائلٹ نے کہا کہ ان کی شبیہہ کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں غمزدہ ہوں، لیکن حیران نہیں ہوں کہ مجھ پر اس طرح کے بے بنیاد و سنگین الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ یہ پوری طرح سے مجھے بدنام اور میرے ذریعے راجستھان پارٹی کی قیادت کے خلاف کانگریس کے کارکنان اور اراکین اسمبلی کی جانب سے اٹھائی جانے والی آواز کو دبانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد مجھے بدنام کرنا اور میری ساکھ پر حملہ کرنا ہے تاکہ توجہ کو اہم معاملوں سے ہٹایا جا سکے۔
پائلٹ نے کہا کہ جس رکن اسمبلی کے ذریعے مجھ پر الزامات لگائے گئے ہیں، وہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔
اس سے قبل اشوک گہلوت نے کہا کہ انہوں نے سچن پائلٹ کی سازش کو ناکام کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں امید تھی کہ وہ کانگریس کو بہتر بنانے کا کام کریں گے، لیکن انہوں نے حکومت گرانے کی کوشش کی۔ اب سچن پائلٹ کا اصلی چہرہ سب کے سامنے آگیا ہے۔
اشوک گہلوت نے پائلٹ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 'ہم جانتے تھے کہ وہ نکمے اور ناکارہ ہیں۔ وہ کچھ کام نہیں کر رہے ہیں، صرف لوگوں کو لڑا رہے ہیں، میں یہاں بیگن بیچنے نہیں آیا ہوں، ہم نہیں چاہتے ہیں کہ وہ ان کے خلاف کوئی کچھ بولے، سبھی نے ان کو عزت دی ہے۔'
وہیں راجستھان کے رکن اسمبلی گری راج سنگھ نے بھی سچن پائلٹ پر الزام لگایا تھا کہ پائلٹ نے انہیں راجیہ سبھا انتخابات کے دوران کراس ووٹنگ کرنے کے لیے 35 کروڑ روپے کی پیشکش کی تھی۔