راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے ضلع کلکٹریٹ پر راجستان اردو اساتذہ تنظیم اور راجستھان مدرسہ پریکٹیکل تنظیم کی جانب سے 18 جنوری سے غیرمعینہ کا دھرنا جاری ہے۔
راجستھان حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرین مطالبہ کر رہے ہیں کہ ہم لوگوں کی ملاقات ریاست کے وزیر اعلی اشوک گہلوت سے کروائی جائے۔
احتجاج میں شامل تمام مظاہرین کے لئے کھانے کا انتظام بھی کلکٹریٹ پر ہی کیا جا رہا ہے۔
وہیں، اس پورے معاملے پر اردو اساتذہ تنظیم کے ریاستی صدر امین قائم خانی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز رکن اسمبلی رفیق خان یہاں پر آئے تھے۔ انہوں نے ہم سے کہا تھا کہ آپ کے مطالبات کو لے کر وزیر اعلی اشوک گہلوت سے بات کی جائے گی لیکن ابھی تک فی الحال ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا ہے۔ اس لئے جب تک وزیر اعلی سے ہماری ملاقات نہیں ہوگی تب تک مظاہرہ جاری رہے گا۔