جے پور: راجستھان کی گہلوت حکومت میں اقلیتی وزیر صالح محمد کا کہنا ہے کے راجستھان کے مسلمان سمجھ دار ہیں۔ اس لیے وہ اسدالدین اویسی کو سرے سے مسترد کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2023 میں اسمبلی انتخابات میں ایک مرتبہ پھر راجستھان میں کانگریس حکومت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ انھیں بھی میڈیا کے لوگوں سے معلوم ہوا کہ اویسی جے پور آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ''وہ جب بھی جے پور آتے ہیں، کسی کو پتہ ہی نہیں چلتا کہ وہ کس لیے جے پور آئے ہیں۔''
اویسی بی جے پی کی بی ٹیم: صالح محمد انہوں نے کہا کہ بھارت کا آئین سبھی لوگوں کو انتخاب میں اپنی قسمت آزمانے کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ لوگوں کا بھلا کون کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اویسی کی پارٹی نے بنگال، بہار، مہاراشٹر سمیت دیگر مقامات پر انتخاب میں اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارا، وہاں کے لوگوں نے انہیں بتا دیا کہ لوگ کس کے ساتھ ہیں۔'
یہ بھی پڑھیں:جلد ہی اقلیتی اداروں میں چیئرمین بحال ہوں گے: اقلیتی وزیر
انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے مسلمان یہی کہہ رہے ہیں کہ اویسی کی پارٹی بی جے پی کی بی ٹیم ہے۔ انہوں نے کہا کی وہ بی جے پی کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اویسی کے راجستھان میں آنے سے کسی کو کوئی فرق نہیں پڑنے والا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل دارالحکومت جے پور میں اسد الدین اویسی اس بات کا اعلان کرکے روانہ ہوئے تھے کہ اگلےدو ماہ میں راجستھان میں ان کی پارٹی کی لانچنگ ہو گی۔