ادے پور:راجستھان کے ادے پور قتل کیس (Tailor Beheaded in Udaipur) میں بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔ بدھ کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر ہونے والی میٹنگ میں پولیس افسران نے بتایا کہ ملزمان کا پاکستان سے کنکشن ہے۔ دو ملزمان میں سے ایک پاکستان جاکر آیا ہے۔ راجستھان کے وزیر مملکت برائے داخلہ راجندر یادیو کے مطابق ملزم غوث محمد 45 دنوں کے لیے پاکستان، چند دنوں کے لیے عرب ملک اور پھر کچھ دنوں کے لیے نیپال میں رہ کر آیا تھا۔
گذشتہ روز ادے پور میں ٹیلر کنہیا لال کا بے رحمی سے قتل کر دیا گیا تھا، جس کے سبب پورے راجستھان میں انٹرنیٹ سروس 24 گھنٹے کے لیے بند کر دی گئی اور اس واقعے کی وجہ سے فرقہ وارانہ کشیدگی سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر اگلے 30 دنوں کے لیے پوری ریاست میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت بھی اپنا جودھ پور دورہ درمیان میں چھوڑ کر آج تقریباً 10 بجے جے پور واپس آ گئے ہیں۔ جیسے ہی وہ جے پور پہنچے، انہوں نے ادے پور واقعہ پر محکمہ داخلہ کی میٹنگ کی۔