چتوڑ گڑھ: وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس حکومت پر راجستھان کی ساکھ کو گزشتہ پانچ سالوں میں تباہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بنتی ہے تو وہ راجستھان کے مفاد عامہ کی کسی بھی اسکیم کو نہیں روکے گی وہیں غنڈہ گردی، بدعنوانی اور بے ایمانی کو روکے گی اور ہر غریب کو مستقل مکان، خواتین کی حفاظت اور روزگار فراہم کرکے راجستھان کو خوشحال بنائے گی۔ مودی پیر کو یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پورا راجستھان اور میواڑ جو سوچ رہا ہے وہ یہاں صاف نظر آرہا ہے اور راجستھان نے کال دی ہے کہ وہ راجستھان کو بچائیں گے اور بی جے پی کی حکومت لائیں گے۔ انہوں نے میواڑ اور راجستھان کو مہمان نوازی، لوک موسیقی، لوک ثقافت اور بہادری سے پہچانا ہے۔ ہمیں ہر ایک وراثت پر فخر کرنا ہے لیکن پچھلے پانچ سالوں میں کانگریس حکومت نے راجستھان کی ساکھ کو برباد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب جرائم کی خبر آتی ہے تو بہت دکھ ہوتا ہے اور وہ دکھی دل کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ آج جب جرائم کی بات آتی ہے تو کون سی ریاست سب سے اوپر آتی ہے، وہ ہمارا راجستھان ہے۔ اسی طرح خواتین، دلتوں اور پسماندہ طبقات پر مظالم کی بات کی جائے تو راجستھان پہلے نمبر پر ہے۔