نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر راجستھان بی جے پی کے رہنماؤں سے دو ٹوک اور واضح انداز میں کہا ہے کہ پارٹی سے بڑا اور اوپر کوئی نہیں ہے اور ریاستی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے سب کو متحد ہونا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق جمعہ کو یہاں پارٹی سنٹرل الیکشن کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس میں راجستھان بی جے پی کے سینئر رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے ریاستی بی جے پی یونٹ میں گروپ بازی کا نوٹس لیا اور پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔
راجستھان کی سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے کے علاوہ راجستھان بی جے پی کے کئی دیگر سینئر رہنما پارٹی سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں موجود تھے۔ ان میں سے اکثر رہنماؤں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے کی دوڑ میں ہیں۔ یہ اجلاس ریاست کی باقی نشستوں پر امیدواروں کے ناموں پر تبادلہ خیال اور حتمی شکل دینے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
اس اجلاس کے دوران مدھیہ پردیش کی 94 سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم اجلاس میں 92 ناموں کو حتمی شکل دی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ان دونوں ریاستوں کے امیدواروں کی اگلی فہرست ہفتہ یا اتوار کو جاری کی جا سکتی ہے۔