جیسلمیر:ریاست راجستھان کے سرحدی ضلع جیسلمیر میں پیر کی صبح ایک بڑی کارروائی کے دوران نو کلو ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس معاملے میں چار اسمگلروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پاکستان سے ہیروئن کی یہ کھیپ ڈرون کے ذریعے بھیجے جانے کا امکان ظاپر کیا جارہا ہے۔ ضلع کے دو مختلف تھانہ علاقوں میں کی گئی کارروائی میں موہن گڑھ تھانے کے علاقے میں ایک کلو اور تھانہ کوتوالی کے علاقے میں آٹھ کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ برآمد کی گئی ہیروئن کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔ یہ کارروائی ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (کرائم) دنیش ایم این کی ہدایت پر کی گئی۔ فی الحال سرچ آپریشن جاری ہے اور کئی مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ 8 اپریل کو راجستھان کے شری گنگا نگر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے 200 بدمعاشوں کو گرفتار کیا۔ ان کے پاس سے بڑی مقدار میں منشیات اور ہتھیار برآمد ہوئے۔ ایس پی پریش دیشمکھ نے بتایا کہ یہ کارروائی آئی جی اوم پرکاش کی ہدایت پر کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصے سے ضلع میں سی ایل جی کی میٹنگ میں منشیات کے حوالے سے عام لوگوں سے رائے لی گئی۔ منشیات فروشی میں ملوث ملزموں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ اس مہم کے تحت ضلع بھر میں چھاپے مارے گئے۔ تقریباً 500 ایسے لوگوں کی ایک فہرست بنائی گئی تھی، جن کا ایکسائز سے متعلق منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا امکان تھا۔