ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے کھو ناگوریان علاقے میں مسلم برادری کی جانب سے راجیہ سبھا رکن کروڑی لال مینا کی مخالفت میں چل رہے احتجاج کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان مسلم تنظیموں کے ذمہ داران کی جانب سے کیا گیا۔
خاص بات یہ رہی کہ خود راجیہ سبھا رکن کروڑی لال مینا اس احتجاج میں شامل ہونے کے لیے پہنچے اور لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگوں کو غلط فہمی ہوگئی تھی، اس لیے ہم جو یاترا 21 اگست کو نکالنے والے تھے، وہ یاترا اب ہم نہیں نکالیں گے۔ ان کے اس خطاب کے بعد مسلم برادری کی جانب سے اس احتجاج کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔
مسلم تنظیموں کے ذمہ داران نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران بتایا کہ راجیہ سبھا رکن کروڑی لال مینا ہمارے درمیان پہنچے اور ہم لوگوں سے بات کی۔ ہم لوگوں کی میٹنگ بھی ہوئی اور انہوں نے ہم لوگوں کو یہ پورا بھروسہ دلایا کہ وہ کوئی بھی یاترا 21 اگست کو نہیں نکالیں گے۔ اس کے بعد ہم لوگوں نے احتجاج کو ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔