جے پور: راجستھان میں انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے بدعنوان سرکاری ملازمین اور ان کے ساتھی ایجنٹوں وغیرہ کے خلاف اس سال اگست تک پی سی ایکٹ کے تحت 344 معاملات درج کیے ہیں۔Bribery Cases in Rajasthan
اے سی بی کے سرکاری ذرائع کے مطابق 316 معاملے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے، 16 معاملے آمدنی سے زیادہ اثاثوں کے اور 12 معاملے عہدہ کے غلط استعمال کے ہیں۔ اے سی بی نے اس سال اگست تک 399 مقدمات میں تحقیق کے حتمی نتائج خصوصی عدالتوں میں پیش کیے جن میں 316 معاملات میں چالان پیش کیے گئے جبکہ 83 معاملات میں ایف آر عائد کی گئی۔
اس سال اب تک 479 معاملات میں، اے سی بی ہیڈ کوارٹر نے تفصیلی غور و خوض کے بعد نمٹانے کے احکامات جاری کیے، جن میں 327 ٹریپ، 32 آمدنی سے زائد اثاثہ جات اور عہدہ کے غلط استعمال کے 120 معاملے شامل ہیں۔ گزشتہ سال 2021 میں 325 مقدمات درج ہوئے تھے۔ ان میں 290 ٹریپ، 15 آمدی سے زائد اثاثے اور 20 عہدے کے غلط استعمال کے شامل ہیں۔ گزشتہ سال اے سی بی ہیڈ کوارٹر سے 470 کیسوں کے نمٹانے کے احکامات پاس کیے جن میں 407 ٹریپ، 14 آمدنی سے زائد اثاثے اور 49 عہدوں کے غلط استعمال کے شامل ہیں، جب کہ تحقیق کے حتمی نتائج 293 مقدمات میں عدالتوں میں پیش کیے گئے، جن میں 247 چالان اور 46 ایف آر شامل ہیں۔