لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے جمعہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنے مفاد کے لیے منی پور جیسا واقعہ ہونے دیا۔ اب صورتحال یہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی منی پور کے واقعات پر پارلیمنٹ میں بولنے سے کترارہے ہیں۔
یادو نے کہا کہ بی جے پی نے دس برسوں میں ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ بی جے پی حکومتوں نے ملک کے عوام کا اعتماد توڑا ہے اور نوجوان بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی آمدنی نہیں بڑھی ہے اور ملک کے عوام نے دس سال تک بی جے پی کو موقع دیا ہے اور اس کا نتیجہ سامنے نظر آرہا ہے۔
ایس پی کے صدر آج راجستھان کے اجمیر کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے کہا، ''بی جے پی کے لوگ انڈیا کے اتحاد سے خوفزدہ ہیں۔ یہ لوگ ملک کو کیسے آگے لے جائیں گے؟ بی جے پی والے انڈیا اتحاد کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ بی جے پی حکومت کے دوران مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ ڈیزل، پیٹرول، گیس سلنڈر، سرسوں کے تیل، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں سے عوام پریشان ہیں۔ اس سب کا منافع کس کی جیب میں جا رہا ہے؟ بی جے پی حکومت غریب اور متوسط طبقے کی جیبیں کاٹ کر اس کا منافع اپنے صنعتکار دوستوں کی تجوریوں میں ڈال رہی ہے۔