الور: راجستھان میں الور ضلع کے بانسور علاقے کے ہرسورہ تھانہ حدود میں ہجومی تشدد کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعہ میں ایک شخص کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہجوم میں میں موجود 8 تا 10 افراد نے ایک مخصوص طبقہ کے تین نوجوانوں کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا جو لکڑیاں کاٹنے کےلئے یہاں آئے تھے۔ اس واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ نارول میں پیش آنے والے اس واقعے میں 27 سالہ متوفی کی شناخت ہوگئی ہے، جبکہ پولیس نے چار افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔ لکڑیاں کاٹنے پر مشتعل ہجوم نے تین نوجوانوں کو لاٹھیوں اور سلاخوں سے بری طرح پیٹا۔ حملے میں شدید طور پر زخمی ہونے والا نوجوان کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دیگر دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
الور ضلع کے ہرسورہ تھانہ علاقہ کے نارول گاؤں میں کل رات 27 سالہ وسیم اور اس کے چچا کے بیٹے آصف اور اظہر الدین درخت کاٹنے رام پور آئے تھے، اسی دوران اطلاع ملی کہ محکمہ جنگلات کی گاڑی گشت کر رہی ہے۔ اس کے بعد یہ لوگ پک اپ گاڑی لے کر ہرسورہ کی طرف آرہے تھے کہ اس دوران محکمہ کی ٹیم نے نارول گاؤں میں ان کا پیچھا کیا اور پک اپ گاڑی کو روکا۔ اس موقع پر گاؤں کے کچھ لوگوں نے پک اپ گاڑی میں بیٹھے لوگوں پر حملہ کر دیا جس میں وسیم ہلاک ہوگیا۔