اجمیر:ریاست راجستھان کے اجمیر میں واقع گورنمنٹ اربن پرائمری ہیلتھ سنٹر میں خاتون ڈاکٹر ازکیہ آفرین کے چارج سنبھالنے کے ساتھ ہی نرسنگ اسٹاف اور خواتین مریضوں اور ان کے لواحقین نے میڈیکل انچارج ڈاکٹر انوج پنگولیا اور انجمن یادگار کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔گورنمنٹ اربن پرائمری ہیلتھ سنٹر میں ایک خاتون ڈاکٹر کا مطالبہ عرصہ دراز سے اٹھ رہا تھا۔
ڈاکٹروں اور خواتین مریضوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتال میں زیادہ تر خواتین مریض آتی ہیں۔خواتین کھل کر مرد ڈاکٹر کو اپنے مسائل نہیں بتا سکتی ہیں جس کی وجہ سے خواتین کا صحیح علاج نہیں ہو پاتا۔
خاتون ڈاکٹر کی تعیناتی سے خواتین اب اپنی بیماری کے بارے میں کھل کر بات کر سکتی ہیں جس کی وجہ سے ان کا علاج آسان ہو جائے گا۔ انجمن یادگاری کمیٹی کے صدر شیخ محمد سبحان چشتی اور کمیٹی کے اراکین نے نو منتخب ڈاکٹر ازکیہ آفرین کی تقرری پر سرکاری ہسپتال پہنچ کر ان کا استقبال کیا۔