اردو

urdu

ETV Bharat / state

'خواجہ غریب نواز ؒ کی تعلیمات انسانیت کا درس دیتی ہیں'

ریاست راجستھان میں خواجہ غریب نواز حضرت معین الدین چشتی ؒ کے 808ویں سالانہ عرس کے موقع پر 58ویں سمپوزیم کا اہتمام کیا گیا۔ اس کی بنیاد خواجہ حلیم میاں چشتی نے رکھی تھی۔

'خواجہ غریب نواز ؒ کی تعلیمات انسانیت کا درس دیتی ہیں'
'خواجہ غریب نواز ؒ کی تعلیمات انسانیت کا درس دیتی ہیں'

By

Published : Mar 4, 2020, 11:35 PM IST

اس موقع پر سجادہ نشین درگاہ شیخ سلیم چشتی فتح پور سیکری حضرت پیرزادہ رئیس میاں چشتی کو رئیس النظامت کے خطاب سے نوازا گیا۔

درگاہ سلطان الہند خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے گدی نشین صاحبزادہ سید محمد علی حمزہ چشتی کے مطابق عرس کے موقع پر جہاں مختلف طرح کے پروگرام کے اہتمام کرائے جاتے ہیں۔ وہیں یہاں سمپوزیم کا اہتمام کیا جانا اہمیت کا حامل ہے۔ جس کا سلسلہ گزشتہ 58برسوں سے جاری ہے۔

اس موقع پر صدارتی خطاب میں صاحبزادہ سید محمد علی حمزہ چشتی نے فرمایا کہ 'خواجہ صاحب کی تعلیمات موجودہ زمانے میں بہت اہمیت رکھتی ہیں۔ ایک طرف جہاں سماج میں آج انسانی قدریں پامال ہو رہی ہیں، ایسے میں خواجہ غریب نواز کی تعلیمات انسانیت کا درس دیتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خواجہ کے دربارمیں بلا تفریق مذہب وملت عقیدت مندوں کا ہجوم جمع رہتا ہے۔ جہاں سے امن وبھائی چارے کا پیغام پھیلتا ہے۔'

غور طلب ہے کہ یہ سمپوزیم گزشتہ 58برسوں سے منعقد کیا جاتا رہا ہے۔ جس کی بنیاد خواجہ حلیم میاں چشتی مرحوم نے ڈالی تھی۔ سمپوزیم کی اس روایت کو اب ان کے پوتے صاحبزادہ سید محمد علی حمزہ چشتی آگے بڑھا رہے ہیں۔اس برس کے سمپوزیم کا خاص پہلو یہ رہا کہ اس موقع پر سجادہ نشین درگاہ شیخ سلیم چشتی ؒ فتح پور سیکری حضرت پیرزادہ رئیس میاں چشتی کو رئیس النظامت کے خطاب سے نواز ا گیا اور ان کی دستار بندی کی گئی۔

پیرزادہ رئیس میاں چشتی گزشتہ ربع صدی سے زائد عرصہ سے سمپوزیم کی نظامت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

سمپوزیم میں رسالہ معینِ چشت کا رسم اجرا عمل میں آیا۔ جس میں صدر سمپوزیم صاحبزادہ سید محمد علی حمزہ چشتی کے ساتھ بارگاہ غریب نواز کے کئی صاحبزدگان سید حبیب ہاشمی، سید عادل چشتی نے شرکت کی۔ ساتھ ہی بھارت کی دیگر درگاہو ں کے سجادگان نے شرکت کی۔

جس میں ردولی شریف درگاہ شیخ العالم شاہ عبد الحق رودلوی کے سجادہ نشین شاہ عمار احمد عرف نیر میاں نے دور حاضر میں تصوف کے حالات پر پر کشش تقریر کی اور دنیائے تصوف سے لوگوں کو آگاہ کرایا۔ بعد تقریر دہلی سے آئے نظام الدین چشتی نیازی پریمی و محبوب حسین چشتی نیازی نے غریب نواز ؒ کے حضور منقبت پیش کی۔

حضرت پیر زادہ رئیس میاں چشتی نے منقبت خوانی کی۔ سید محمد اشرف کچھوچھوی نے پر بصیرت تقریر فرمائی۔اس کے ساتھ ہی بھاگلپور سے تشریف لائے درگاہ شہبازیہ کے سجادہ نشین اشتیاق عالم کے صاحبزادہ احرار عالم نے تقریر و منقبت پیش کی۔

سمپوزیم میں علامہ سید شکر عالم شاہ بھاگلپوری، سید معراج الدین قادری، فرید حسن، سید منظر اعجاز صابری کلیر شریف اور سید معین الدین چشتی نیازی سجادہ نشین درگاہ جمال پور وغیرہ نے بھی شر کت کی ہے۔

سمپوزیم کے اختتام پر صدر سمپوزیم صاحبزادہ سید محمد علی حمزہ چشتی نے زائرین خواجہ غریب نواز ؒ و حاضرین سمپوزیم کے لئے دعائیں کیں۔

For All Latest Updates

ABOUT THE AUTHOR

...view details