سماجی رکن اور کانگریسی رہنما کھانوں خان وقف بورڈ کے نئے چیئرمین بن چکے ہیں۔ چیئرمین منتخب ہونے کے بعد ریاستی وقف بورڈ دفتر کے باہر جشن کا ماحول ہے۔ سبھی لوگ ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر خان کو پھولوں کا ہار پہنا کر ان کے حامیوں نے مبارکباد پیش کی۔
راجستھان وقف بورڈ کے چیئرمین منتخب گزشتہ 14 نومبر کو ای ٹی وی بھارت کی جانب سے یہ بتایا جا چکا تھا کہ خان وقف بورڈ کے چیئرمین منتخب ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو برس سے ریاستی وقف بورڈ کو اس کا چیئرمین نہیں مل پا رہا تھا اس لئے آج یعنی پیر کے روز انتخابات ہونے تھے لیکن خان کے علاوہ کسی نے بھی پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا تھا اس لیے انہیں چیئرمین منتخب کر دیا گیا۔
اس موقع پر ان کے ساتھ سابق رکن پارلیمنٹ عشق علی، ادریس نگر اسمبلی کے رکن رفیق خان سمیت کثیر تعداد میں کانگریس کے رہنما اور کانگریس کے کارکنان موجود رہے۔
چیئرمین بننے کے بعد میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے خان نے کہا کہ 'مجھے جو ذمے داری دی گئی ہے اس ذمے داری کو پورا کرنے کی کوشش کروں گا۔'
انہوں نے کہا کہ 'ریاست کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت اور پوری جماعت کے ساتھ مل کر وقف بورڈ کو ایک ایسے ماڈل کے طور پر بناؤں گا کہ اس کو دیکھنے کے لئے دیگر ریاستوں کے لوگ جےپور آئیں گے۔'
خان کا کہنا ہے کہ 'میں بولتا نہیں ہوں بلکہ کرتا ہوں۔ پہلا کام میرا یہ ہے کہ وقف بورڈ کی زمین پر جو بھی قبضہ ہے۔ اس کا حل نکالا جائے اور بورڈ کی پریشانیوں کو دور کی جائے۔'