جے پور: راجستھان کے گورنر کلراج مشرا نے آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی کتاب ’ایگزام واریئرز‘ کا ہندی اور انگریزی ورژن کا اجرا کیا۔ مشرا نے راج بھون میں اجرا کے بعد کہا کہ یہ نہ صرف طلباء بلکہ اساتذہ اور والدین کے لئے بھی بہت اہم کتاب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایم مودی نے بنیادی طور پر یہ کتاب امتحانات کے دوران بچوں میں تناؤ کے تناظر میں تحریر کی ہے۔ اس میں لائف مینجمنٹ پر بھی خاص معلومات دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کتاب میں طلباء کی مدد کے لیے یوگا کے بہت سے آسنوں کے ساتھ ساتھ جوش، ولولے اور جوش و خروش کے ساتھ امتحان دینے، ہنستے ہوئے امتحان میں جانا اور مسکراتے ہوئے واپس آنا، حال میں جینا، کھیلوں کے ساتھ زندگی سنوارنے وغیرہ میں بہتری لانے سے متعلق اہم باتیں بتائی گئی ہیں۔ کتاب میں اساتذہ کو خط لکھنے کے علاوہ علم کو مستقل اثاثہ بتا کر زندگی بھر سیکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مسٹر مودی نے ’پرکشا پہ چرچہ‘ مواصلاتی مقصد سے اسے لکھا تھا۔ اس کا 11 زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔