اجمیر:عطائے رسول سلطان الہند کی درگاہ اجمیر شریف میں الصبح جنتی دروازہ عقیدت مندوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے 812ویں عرس مبارک کے موقع پر یہ جنتی دروازہ یکم رجب سے چھ رجب تک کھلا رہے گا۔ جنتی دروازہ کے کھلنے کا انتظار میں رات سے ہی زائرین سردی میں بیٹھے رہے۔
پولیس کے حفاظتی انتظامات کے درمیان درگاہ کے خادموں نے یہ گیٹ کھولا۔ خواجہ صاحب کے مزار اقدس کے مغربی سمت کی جانب یہ جنتی دروازہ واقع ہے۔ خدام خواجہ کے مطابق جنتی دروازے کی بے حد اہمیت ہے۔ اس موقع پر درگاہ میں خصوصی گدی بھی لگائی جاتی ہے، جہاں عرس کی چھ رجب تک خصوصی دعا اور عقیدت مندوں کو چشتیہ سلسلے سے جوڑا جاتا ہے۔