راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے بھٹہ بستی تھانے میں ایک ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ آٹھ اگست کو قومی دارالحکومت دہلی کے جنتر منتر پر جس طریقہ سے مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اور نفرت انگیز بیان دیا گیا ہے اس سے سماج میں نفرت کی فضا قائم ہوتی ہے۔ لہٰذا ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
مذکورہ تھانہ میں ایف آئی آر درج کرانے پہنچے نوجوانوں کا کہنا تھا کہ آٹھ اگست کو دہلی کے جنتر منتر پر چند لوگوں نے جو اشتعال انگیز بیان دیا ہے اور خود کو وہ ہندو مذہب کے پیروکار بتاتے ہیں۔ لیکن ہندو مذہب سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
درخواست گزار نوجوان کا کہنا ہے برادران وطن سے ہمارے تعلقات ہیں۔ ان کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا گفت و شنید ہوتی ہے۔ اس دوران کوئی اختلاف نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنتر منتر پر چند لوگوں نے مذہبی اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ مسلمانوں کے خلاف غلط الفاظ کا استعمال کیا ہے۔ اشتعال انگیز نعرہ بازی کی گئی۔